حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائیجیریا کے میڈیا کے ذریعہ گذشتہ رات شائع ہونے والے ایک کھلا خط میں، نائیجیرئن ثقافتی شخصیات، سماجی و سیاسی کارکنان ، پروفیسرز اور مختلف صوبوں کے حکمرانوں کے ایک گروپ نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے خطاب کرتے ہوئے بوحاری حکومت پر دباؤ کے ساتھ ساتھ ملک کے شیعہ رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی کی غیر مشروط رہائی اور ملک میں مقیم شیعہ اقلیتوں کے خلاف ہونے والے مظالم کا بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے .
خط میں لکھا گیا ہے کہ حیرت کی بات ہے کہ 2015ء سے نائجیریا کی فیڈرل کورٹ اور عدلیہ متعدد سماعتوں کے باوجود اسلامی تحریک برائے نائیجیریا کی سرگرمیوں کو انتہا پسندانہ سرگرمیاں ثابت نہیں کر سکی اور اسی طرح شیعہ رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی اور ان کی اہلیہ کا جرم ثابت نہیں کر سکی ہے، لہذا ، زاریا شہر میں شیعوں کے وحشیانہ قتل عام کے پانچ سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد ، اس سانحے کے مجرموں فوج اور حکومتی ارکان کو قرار واقعی سزا دینے کی بھر پور تاکید کرتے ہوئے نائیجیریا کے شیعہ رہنما کی رہائی کیلئے ، اس مسئلے میں اقوام متحدہ کی مؤثر اور فوری مداخلت کی ضرورت ہے۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ
کسی بھی ملک کی فوج اچانک کسی وجہ یا جرم کے بغیر مذہبی اقلیت کے پروگراموں اور اجتماعات کرنے کے مقام پر حملہ کرتی ہے ،عوام کا قتل عام کرتی ہے اور ان کے رہبر سمیت بزرگ رہنماؤں کو پکڑ لیتی ہے اور جیل بھجوایا جاتا ہے ، یہ انسانی حقوق کی پامالی ، مذاہب اور مذہبی اقلیتوں کی آزادی کو نظرانداز کرنے کی ایک واضح مثال ہے۔
وفاقی جمہوریہ نائجیریا کی آئین کے مطابق ، کسی بھی وقت اور جگہ پر ملزمان ، نظربند اور قیدیوں سمیت تمام افراد کے حقوق کا احترام کیا جاتا ہے ، کسی کو بھی ان کی خلاف ورزی کرنے کا حق نہیں ہے ، اور کسی سرکاری یا فوجی فرد کو ملزم سے تفتیش کے دوران اسے مارنے اور جسمانی طور پر زخمی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ لیکن حالات سے. معلوم ہوتا ہے کہ شیخ ابراہیم زکزاکی اور ان کی اہلیہ جسمانی طور پر کمزور ہونے کے باوجود جیل میں ان پر بدستور ظلم و زیادتی کی جارہی ہے اور کبھی نازیبا الفاظ کے ذریعے انکی توہین کی جا رہی ہے ، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔